• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احتساب کی رکاوٹ برداشت نہیں،نوازشریف کی سیاست ختم، سراج الحق

مینگورہ (نمائندہ جنگ) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ نوازشریف کی سیاست ختم ہوگئی ،اب عالمی اسٹیبلشمنٹ کے پیروکاروں کادور بھی ختم ہونے والا ہے ،الیکشن اپنے وقت پرہو لیکن احتساب کے عمل میں کسی رکائوٹ کو برداشت نہیں کریں گے ،جماعت اسلامی کے خوشحال پاکستان میں نجی تعلیمی اداروں میں بچوں کی فیس حکومت اداکریگی ،ہم کلین اور گرین پاکستان چاہتے ہیں، کرپشن سے پاک، کلین اور درختوں سے بھرے گرین پاکستان کے لئے آئندہ انتخابات میں پاکستان کے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گراسی گراؤنڈ مینگورہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کی حکومت میں سب سے پہلے 70 سالوں کو ملک و قوم کو لوٹنے والوں کا احتساب کیا جائیگا، لٹیروں سے اس قوم کے کھربوں ڈالرز جو بیرونی ممالک کے بنکوں میں پڑے ہیں، واپس لاکر قوم کی اس لوٹی ہوئی رقم سے اس ملک کو خوشحال بنائیں گے، ملک لوٹنے والوں کو ایسی عبرتناک سزا دیں گے کہ آئندہ کوئی بھی شخص پاکستان کا ایک روپیہ چوری کرنے کا تصور بھی نہیں کر سکے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت میں ملک میں تعلیم مفت ہوگئی۔ نجی سکولوں میں پڑھنے والے بچوں کی فیس حکومت ادا کرے گی۔ ملک میں انصاف اور علاج مفت ہوگا۔ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار ملنے تک ریاست بے روزگار الاؤنس دے گی۔ ستر سال سے زائد عمر کے لوگوں کو بڑھاپا الاؤنس دیا جائے گا اوریہ ملک تیس سال تک ٹیکس فری ہوگا۔
تازہ ترین