نوڈیرو (نامہ نگار ) نوڈیرو لاڑکانہ اور رتوڈیرو کو نوڈیرو سٹی جانے والی بسوں ویگنوں کو نوڈیرو میں تعمیر کردہ نیو بس ٹرمینل میں منتقل کرنے کے حکم کے خلاف ٹرانسپورٹرز کی جانب سے اے سی رتوڈیرو کے خلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے لاڑکانہ اور سکھر روڈ کو تمام تر آنے جانے والی ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا۔ اس دوران مظاہرین نے روڈ پر ٹائر وں کو آگ لگاکراے سی رتوڈیرو غوث بخش جتوئی کے خلاف سخت نعرے لگائے۔احتجاج میں شامل ٹرانسپورٹرز یونین کے رہنماؤں راحب علی بھٹو، اکبر علی بھٹو مور چانڈیو اور دیگر نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں بسوں اور تمام وین کو آنے دیا جائے اسکے ساتھ شہر میں موجود چنگچی رکشہ کو باہر بس ٹرمینل کی جانب منتقل کیا جائے شہر میں اندر دیگر اڈے ٹیکسی اسٹینڈ ، لوڈر اسٹینڈ اور چنگچی رکشہ اسٹینڈ کو بھی ختم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نوڈیرو رتودیرو لاڑکانہ کے لئے جانے والی بسوں کی تعداد 27اور ویگنوں کی تعداد 10ہے اس حساب سے نوڈیرو میں بنائے گئے ٹرمینل کی اراضی بہت کم ہے ٹرمینل کی اراضی کم ہونے کی وجہ سے مسافروں اور ٹرنسپورٹ کو مشکلات کا سامنا ہوگا۔ ٹرانسپورٹر کے اس مطالبہ کو ڈی سی لاڑکانہ کاشف ٹیپو نے رد کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمینل کی اراضی موجودہ گاڑیوں سے بہت زیادہ ہے اس قسم کے بہانوں سے گریز کیا جائے اور فوری شہر کو ٹرانسپورٹ سے خالی کر کے بسوں ، ویگنوں اور چنگچی رکشہ کو ٹرمینل میں منتقل کیا جائے۔ دو گھنٹے تک جاری احتجاج میں ڈی سی لاڑکانہ کاشف ٹیپو اور اے سی رتوڈیروعبدالغفور نے ٹرانسپورٹر رہنماؤں کے ساتھ بات چیت کی۔ ایک گھنٹے تک جاری بات چیت میں ڈی سی لاڑکانہ کاشف ٹیپو نے حکم دیا کہ شہر کے اندر کوئی بھی بڑی گاڑی نہیں جائے گی اس دوران انہوں نے ڈی ایس پی نوڈیرو عبدالسمع وسیر کو حکم دیا کہ سٹی جانے والی گاڑی کو فوری طور پر چالان کیا جائے۔ اس دوران ڈی سی لاڑکانہ نے تمام ٹرانسپورٹرز کو حکم دیا کہ وہ اپنی گاڑیوں کے روڈ پرمٹ، رجسٹریشن سرٹیفکیٹ، فٹنس سرٹیفیکٹ اور ڈارئیورنگ لائسنس کی کاپیاں انکے آفس لاڑکانہ میں جمع کرائیں۔ اس دوران ڈی سی لاڑکانہ نے ٹرانسپورٹر کے مطالبہ پر کہاکہ تمام اڈوں کو ایک ہی جگہ بس ٹرمینل میں منتقل کیا جائے اور چینگچی رکشہ کے شہر کے اندر قائم اڈے بھی ختم کرائے جائیں۔ ڈی سی لاڑکانہ کاشف ٹیپو نے حکم دیا کہ کوئی بھی چنگچی رکشہ نوڈیرو سے لاڑکانہ یا رتوڈیرو کے لئے سواریاں نہیں بیٹھائے گا۔ تمام سواریاں نوڈیرو سے بسوں اور وین کے ذریعہ سے ہی سفر کریں گی۔ دوسری جانب انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے 15کروڑ سے زائد کی لاگت کی مالیت سے تعمیر کردہ نیوبس ٹرمینل پر عام افراد کی جانب سے دھان کی فصل کی کھٹائی کے بعد منجی کو دھوپ میں رکھنے کے لئےاستعمال کیا جا رہا ہے۔