سیالکوٹ،کھاریاں کراچی(نمائندہ جنگ،نامہ نگار) سینئر رپورٹر احمد نورانی پر حملہ کی سیالکوٹ اور کھاریاں شہر کی صحافی برادری نے شدیداظہارمذمت کیا۔اس سلسلے میں روزنامہ جنگ سیالکوٹ کے آفس نہال چند سٹریٹ میں مذمتی اجلاس زیر صدرات جنید آفتاب منعقد ہوا جس میں ملک افتخار حسین اعوان، ایس ایم شاہد ،خالد فرح و دیگر صحافیوں نے حملہ کرنے والے افراد کی فوری گرفتار ی اور ان کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ کھاریاں میں اظہار مذمت کرنے والے صحافیوں میں ندیم گیلانی، عبدالعزیز گوندل، اعجاز مرزا،تنویر نقوی ودیگر شامل ہیں۔مذمتی اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم صحافی احمد نورانی پر حملے کی مذمت کرتے ہیں ،واقعہ افسوسناک ہے،اگر کسی کی آواز کو دبانے کی کوشش کی گئی تو آواز دبے گی نہیں،صحافی اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر سچ و حق لکھتے رہیں گے ۔کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے زیر اہتمام انگریزی روزنامے دی نیوز کے سینئر رپورٹر احمد نورانی پر قاتلانہ حملے کے خلاف احتجاج کیا گیا، کراچی پریس کلب کے باہر ہونے والے احتجاج میں صحافیوں نے احمد نورانی پر حملہ کرنے والوں کی گرفتاری کےلئے 3 روز کا الٹی میٹم دے دیا ہے۔ مظاہرے میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس دستور کے سیکریٹری جنرل سہیل افضل، سیکریٹری حامد الرحمن، صدر افضال محسن، کراچی پریس کلب کے سابق سیکریٹریز اے ایچ خانزادہ، عامر لطیف، مظہر عباس، کراچی پریس کلب کے جوائنٹ سیکریٹری نعمت خان اور سینئر صحافی قیصر محمود نے خطاب کیا۔ اس موقع پرکے یو جے کے جوائنٹ سیکریٹریز قاضی محمد یاسر، منیر عقیل انصاری ، نائب صدر ثاقب صغیر، خزانچی محمد منصف ، سینئر صحافی نصر اللہ چوہدری ، وقار بھٹی اور نعیم طاہر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر صحافیوں نے بینرز اور احمد نورانی کی تصاویر اٹھا رکھیں تھیں، صحافیوں نے مطالبہ کیا کہ احمد نورانی کی ابتدائی تفتیشی رپورٹ منظر عام پر لائی جائے اور حملہ آور گرفتار کیے جائیں۔