راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) پیپلز پارٹی راولپنڈی سٹی کے جنرل سیکرٹری چوہدری افتخار احمد کی زیرصدارت راولپنڈی سٹی کی وارڈ کمیٹیوں اور ذیلی ونگز کا مشترکہ اجلاس ہوا۔ جس میں30 نومبر کو پریڈ گرائونڈ اسلام آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی کے 50ویں یوم تاسیس پر پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا تاریخی خطاب سننے اور کارکنوں کے بڑے بڑے جلوسوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد کو یقینی بنانے کیلئے حکمت عملی طے کی گئی۔ اجلاس میں مہمان خصوصی پیپلز پارٹی پنجاب کے نائب صدر چوہدری اسد پرویز تھے‘ جبکہ راجہ الطاف حسین پی وائی او پنجاب کے سینئر نائب صدر راجہ شیراز کیانی جمیل قریشی سردار قدوس فدا عباس قمر شاہ آغا ثاقب ریاض بنارس چوہدری ایاز پپو راجہ عامر محمد علی منہاس فرخ اسماعیل ملک ایوب فیصل شاہ ٹھکیدار صابر حسین سلیم کیانی سمیرا خان رانا رفاقت علی خان ملک یامین کے علاوہ بڑی تعداد میں کارکنوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر چوہدری اسد پرویز اور چوہدری افتخار نے خطاب میں کہا کہ بلاول بھٹو بی بی شہید کا بیٹا اور پارٹی کے چیئرمین بی بی کی شہادت کے بعد پہلی بار راولپنڈی اسلام آباد آ رہے ہیں‘ اْن کا شاندار استقبال ہمارا فرض ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کارکن تمام تر اختلافات بھلا کر جلسے کی کامیابی کی تیاری کریں۔