سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر بیراج سے نکلنے والی نہروں کے کناروں سے تجاوزات کے خاتمے کیلئے شروع کئے گئے آپریشن کے دوران علاقہ میدان جنگ بن گیا۔ مکانات مسمار کئے جانے پر متاثرین مشتعل ہوکر سراپا احتجاج بن کر سڑکوں پر نکل آئے، سٹی بائی پاس پر دھرنا دیا اور ٹائروں کو نذر آتش کرکے کراچی و کوئٹہ آنے و جانیوالی ٹریفک کی آمد و رفت معطل کردی۔ مظاہرین نے پولیس اہلکار کو بھی تشدد کا نشانہ بنایااور اس سے سرکاری اسلحہ چھیننے کی کوشش کی جسے ناکام بنادیا گیا، اس دوران پولیس کی بھاری نفری طلب کر لی گئی اور لاٹھی چارج اور آنسو گیس شیل کا استعمال کر کے مظاہرین کو منتشر کیا گیا۔ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ مظاہرین کو منتشر کرا کر انڈس ہائی وے پر سکھر اور کوئٹہ کے درمیان ٹریفک کا نظام بحال کرادیا۔