• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لفظ ذاتیات کو ذاتی مفادات کے متبادل کے طور پر پیش نہیں کیا جا سکتا ،ترجمان چوہدری نثار

اسلام آباد( نمائندہ جنگ) سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ ہمیں گو مگو کی کیفیت سے نکلنا ہوگا، دیگر سیاسی جماعتوں نے انتخابی مہم شروع کررکھی ہے اور ہم الجھنوں اور ابہام کا شکار ہیں۔ ہمیں پارٹی، جمہوریت اورملکی مفاد پرتوجہ دے کر ذاتیات سے باہر آنا ہوگا۔ چوہدری نثار کے ترجمان توصیف احمد نے 31 اکتوبر کو بعض خبر ایجنسیوں کی جانب سے چوہدری نثار سے منسوب بیان کے مندر جات کو غلط قرار دیا اور کہا کہ میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کے دوران ملک کو در پیش کثیر الجہتی مسائل پر بات کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ وقت کی سب سے بڑی ضرورت یہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور اس کی قیادت کو گو مگو کی کیفیت سے نکالا جائے۔ باقی پارٹیز نے الیکشن کی مہم شروع کی ہوئی ہے، ہم گو مگو کی صورتحال سے دوچار ہیں۔ میں یہ بھی سمجھتا ہوں کہ ہمیں گو مگو کی کیفیت سے نکل کر، ذاتیات سے بھی باہر آنا ہوگا، اور جو مجموعی طور پر پارٹی، جمہوریت اور ملک کے مفاد ہیں اس پر فوکس کرنا ہوگا" انہوں نے کہا کہ لفظ ذاتیات کو کسی بھی لغت کے تحت ذاتی مفادات کے متبادل کے طور پر نہ تو پیش کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی ایسی تشریح کی جا سکتی ہے جو مفاد پرستی کے زمرے میں آتی ہو۔
تازہ ترین