وزیراعظم شاہد خاقان عباسی 2 روزہ دورے پر لندن پہنچ گئے ،انہوں نے اس موقع پر کہا کہ انصاف عدالتوں میں ہوتا ہے اور عدالتیں اپنے رویے سے ہی یہ ثابت کریں گی کہ انصاف ہو رہا ہے یا نہیں۔
لندن کے ہیتھرو ائرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میںشاہد خاقان نے کہا کہ نوازشریف کے خلاف مقدمات عدلیہ کے کندھوں پر بھاری بوجھ ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم کے ساتھ انصاف ہوتا نظر آنا چاہیے ، شکوک ظاہر کئے جا رہے ہیں کہ نواز شریف کو انصاف نہیں مل سکے گا کیونکہ جونیئر عدالتیں سپریم کورٹ کے زیر اثر ہیں ۔
شاہد خاقان عباسی فیو چر آف پاکستان 2017ء میں شرکت کے لئے لندن پہنچے ہیں ،وہ تقریب سے کلیدی خطاب بھی کریں گے ۔
کانفرنس اس اعتبار سے زیادہ اہمیت کی حامل ہے کہ اس میں پہلی مرتبہ پاکستان کی دو بڑی سیاسی جماعتوں پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے ممتاز رہنمائوں کو ایک جگہ جمع کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم کے اقتصادی امور کے خصوصی معاون مفتاح اسماعیل اور سینیٹر عبدالقیوم جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمٰن اور قمر زماں کائرہ کانفرنس میں اظہار خیال کریں گے۔