پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عوام بلا تفریق احتساب کا مطالبہ کر رہی ہے ۔ پاکستان کی عوام ہمارے اس موقف کی تائید کر رہی ہے ،حکومت پنجاب ملازمین سے مذاکرات کرے ، جبر نہ کرے ۔
ملتان میں محکمہ صحت کی مجوزہ نجکاری کے احتجاجی ملازمین سے اظہار یکجہتی کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کامیاب جلسہ کر رہی ہے ۔ جلسوں کا آغاز چھوٹے شہروں سے کیا ہے ۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان کے مطالبات جائز ہیں ۔ حکومت کی ترجیحات درست نہیں ہیں ۔ صحت اور تعلیم کے شعبہ کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا ۔
انہوںنے کہا کہ حکمران کی ترجیحات میٹرو بس ہے اور عام انسان علاج کی سکت نہیں رکھتا ۔ میٹرو بس پر سفر کرنے کے لئے سبسڈی دی جا سکتی ہے تو صحت اور تعلیم پر بھی سبسڈی دی جائے ۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ محکمہ صحت کی نجکاری کا مقدمہ اپنی سیاسی جماعت کے پلیٹ فارم سے لڑوں گا ۔