• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئی نواز مائنس فارمولا ہے نہ آئین میں ٹیکنوکریٹ حکومت کی گنجائش ،شاہد خاقان عباسی

Todays Print

لندن (صباح نیوز)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں کوئی نواز مائنس فارمولا نہیں ہے، آئین میں ٹیکنوکریٹ حکومت کی کوئی گنجائش نہیں۔پاکستان نے امریکا سے اپنے موقف کا اظہار کر دیا، ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارا موقف درست ہے، اس کا اثر ہوگا ،مردم شماری ہوگئی، حلقہ بندیاں ہونی ہیں،امید ہے کہ بل پر اتفاق ہو جائے گا۔ تمام جماعتوں سے بل کی منظوری کے لیے کہا ہے، امید ہے کہ منظور ہو جائے گا۔ عمران خان بھی مجھے جانتے ہیں اور میں بھی انہیں جانتا ہوں۔لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ حلقہ بندیوں کا عمل مکمل کرنے کے لیے ابھی بھی وقت موجود ہے، اس لیے ہم نے تمام جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس بل کی حمایت کریں اور سب حمایت کر بھی رہے ہیں لیکن آئینی ترمیم کرنے کے لیے دو تہائی اکثریت چاہیے امید ہے کہ مسئلہ حل ہو جائے گا۔ان کا کہناتھا کہ ٹینکوکریٹ حکومت آئین میں نہیں، یہ اخبارات کی اصطلاح ہے۔

وزیراعظم نے پاکستان کے بارے میں امریکی پالیسی تبدیل ہونے کے سوال پر کہا کہ یہ تو وقت ہی بتائے گا ،امریکا نے اپنے موقف کا اظہار کیا، ہم نے بھی اپنے موقف کا اظہار کر دیا ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارا موقف درست ہے، اس کا اثر ہوگا۔ وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ فارورڈ بلاک نہیں ہے نہ ایسی کوئی کوشش جاری ہے۔

تازہ ترین