لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ جماعت اسلامی کا موقف ہے کہ احتساب اور انتخاب ایک ساتھ ہونا چاہیے ۔ احتساب کی وجہ سے انتخابات ملتوی نہ کیے جائیں ، معاشرے میں لینڈ مافیا اور ڈرگ مافیا کا قبضہ ہے جنہوں نے پٹوار خانوں اور تھانوں کو اپنی گرفت میں لے کر عوام کو محکوم اور یرغمال بنایا ہواہے ۔ انہوں نے یہ بات گوجرانوالہ ڈویژن کے ذمہ داران کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ سراج الحق نے کہاکہ پاکستان دنیاکا واحد ملک ہے جس کا وزیر خزانہ ہے بھی اور نہیں بھی ۔ وزیر خزانہ پر کرپشن کے سنگین الزامات ہیں اور احتساب عدالت میں ان کا مقدمہ چل رہاہے ۔ عدالت میں پیش ہونے کی بجائے وہ ملک سے ہی فرار ہوگئے ہیں۔ اسحق ڈار کے تمام اعداد و شمار غلط ثابت ہوئے ہیں ان کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت کا بیڑا غرق ہوگیاہے۔ سراج الحق نے پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے کو عوام پر ڈرون حملہ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیاکہ یہ اضافہ بلاجواز ہے ، اسے فی الفور واپس لیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی پارٹیوں کا فرض ہے کہ وہ ایسے لوگوں کو ٹکٹ دیں جن کا دامن مالی اور اخلاقی کرپشن سے صاف ہو اور وہ کسی سکینڈل میں ملوث نہ ہوں ۔ انہوں نے کہاکہ کرپشن کی وجہ سے ملک مسائلستان بن گیاہے ۔ حکومتوں نے بے تحاشا بیرونی اداروں اور اندرونی بینکوں سے اربوں کھربوں روپے کا قرض لیاہے ۔ ملک کا بچہ بچہ مقروض ہے اور اس قرض کی سودی اقساط ادا کرنے کے لیے مزید قرض لیا جارہاہے ۔انہوں نے کہا کہ کرپشن اور لوٹ مار کے پیسے سے سیاستدان الیکشن میں حصہ لیتے ہیں اور کروڑوں روپے خرچ کر کے اسمبلیوں میں پہنچ جاتے ہیں ۔ الیکشن کمیشن بھی ان کو گرفت میں نہیں لیتا جس کی وجہ سے سیاست اور انتخاب پیسے کا کھیل بن گیاہے جس کا نتیجہ یہ ہے کہ حقیقی جمہوریت ملک کو نصیب نہیں ہوتی۔