لاہور (صباح نیوز)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پنجاب میں اسموگ ہے ، ملکی سیاست پر بھی اسموگ چھائی ہوئی ہے ـ گرد آلود دھند کی وجہ سے سیاست کی ٹریفک جام ہو گئی ہے ، کوئی حادثہ ہوا تو ذمہ دار حکمران جماعت ہو گی ـ ٹیکنو کریٹ حکومت کے قیام کی افواہیں مفروضے ہیں ـ احتساب اور انتخابات ساتھ ساتھ چلنے چاہیں ـ الیکشن ملتوی نہیں کئے جانے چاہیں، حلقہ بندیوں سے متعلق اپنا بل حکومت نے خود ناکام بنایا ـ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیاـ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ملک کو اس وقت پاکیزہ سیاست اور پاکیزہ صحافت کی ضرورت ہے ـ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر ہی ماحول اس قدر خراب ہے کہ مصلحتاً ہم سب یرغمال ہیں ـانہوں نے کہا کہ ملک میں قانون اور آئین کی بالا دستی کی ضرورت ہے ـ وی آئی پی کلچر کا خاتمہ ہونا چاہیے ـ جب تک ملک کو آئین و قانون کے تحت نہیں چلایا جائے گا ملک آگے نہیں بڑھے گاـ انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے کسی دباؤ کے تحت نہیں بلکہ آئین و قانون کے مطابق ہونا چاہیںـ انہوں نے کہا کہ میں نے پاناما لیکس میں آنے والے جن 436 افراد کے ناموں کی لسٹ سپریم کو رٹ کو دی تھی جن میں بہت سے سیاستدان اور بیوروکریٹ و دیگر شامل ہیں سب کا احتساب ہونا چاہیے ، صرف ایک شخص یا خاندان کے احتساب سے کرپشن کا خاتمہ ممکن نہیں ہے۔