• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ختم نبوت مارچ راولپنڈی پہنچ گیا، پریڈ گرائونڈ تک رسائی کی پیشکش

اسلام آباد، راولپنڈی( خصوصی نامہ نگار ، اپنے رپورٹر سے)تحریک لبیک پاکستان کےزیر اہتمام ختم نبوت لانگ مارچ راولپنڈی پہنچ گیا جوآج اسلام آباد میں داخل ہوگا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کےریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے ۔ جناح ایونیو کو بھی ہر قسم کی ٹریفک کےلئے بند کر دیا گیا ہے ۔ تحریک لبیک پاکستان کی قیادت کو ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد کی طرف سے پریڈ گرائونڈ تک رسائی دینے کی پیشکش کی گئی ہے ۔ ادھر وفاقی دارالحکومت میں داخلے کو روکنے کےلئے مری روڈ اور فیض آباد انٹرچینج پر بھی کنٹینر لگا کر راستہ بند کر دیا گیاہے۔ وفاقی دارالحکومت میں کارواں ختم نبوت کی حفاظت کےلئے پانچ ہزار سے زائد اہلکار متعین کردیئے گئے ہیں۔ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کیپٹن (ر) مشتاق احمدکاکہنا ہے کہ 26اکتوبر کو اسلام آباد میں آنے والے کارواں ختم نبوت کی قیادت کو تحریری یقین دہانی کرائی ہے کہ حکومت تحفظ ختم نبوت کے سلسلے میں کوئی کمزوری نہیں دکھا ئے گی۔ دریں اثناء مارچ کےشرکاء کچہری چوک سے ہوتےہوئے مریڑ چوک اور پھر لیاقت باغ پہنچے جہاں تحریک کےمر کزی قائدین نےخطاب کیا اور اعلان کیا کہ دن کی روشنی میں اسلام آباد میں جائیں گے۔ ناموس رسالت اور عقیدہ ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔لیاقت باغ میں شرکاء سے خطاب کرتےہوئے علامہ خادم حسین اورافضل قادری نےکہاکہ ختم نبوت کےتحفظ کیلئے شیر آیا نہ بلا اور نہ تیر ۔تقاریر کےبعد لانگ مارچ کے شرکاء فیض آباد کی طرف روانہ ہوگئے۔
تازہ ترین