اسلام آباد (نمائندہ جنگ)آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ پرویز مشرف نے کہا ہے کہ کراچی میں مہاجر کمیونٹی کے ایک مرتبہ پھر سے متحد ہونے پر خوشی ہے۔ میری ہمدردی ایم کیو ایم کیساتھ نہیں بلکہ مہاجر برادری کے ساتھ ہے۔ مہاجر برادری کو ایم کیو ایم کا ٹھپہ اتار کر پاکستانیت کا آغاز کرنا چاہئے۔ مہاجر برادری ایک نئی سوچ کا آغاز خود سے شروع کرے۔ اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ پی ایس پی اور ایم کیوایم پاکستان باہم مل رہی ہیں ،ایم کیو ایم نے مہاجر برادری کو ملک بھر میں بدنام کیا۔ ایم کیو ایم کی وجہ سے مہاجر برادری تکلیفیں اٹھا رہی ہے۔ میری سوچ قومیت کی بنیاد پر نہیں بلکہ پاکستان کی بنیاد پر ہے۔دریں اثنا آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجدنے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کی قیادت میں20سیاسی جماعتوں پر مشتمل اتحاد تشکیل پاچکا ہے جس کا اجلاس 10 نومبرکو اسلام آباد میںہورہا ہے، ایم کیو ایم پاکستان اور پاک سر زمین پارٹی ہمارے اتحاد کا حصہ بنے تو پرویز مشرف قیادت کر سکتے ہیں ۔
آل پاکستان مسلم لیگ اپنی اتحادی جماعتوں کے ساتھ 2018کے انتخابات میں حصہ لے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو کراچی کے مقامی ہوٹل میں اے پی ایم ایل سندھ کے کونسل کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس خطاب کرتے ہوئے کیا۔