اسلام آباد (نمائندہ جنگ)انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ججز نظر بندی کیس میں پرویز مشرف کا اشتہاری ملزم کا اسٹیٹس، دائمی وارنٹ برقرار، ضمانت ضبط کرتے ہوئے دو ضامنوں کے پانچ پانچ لاکھ روپے ضبط اور قرقی کیلئے پولیس کو ملزم کی جائیداد کی تفصلات حاصل کرنے کاحکم دیدیا، تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی کی عدالت نے ججز نظر بندی کیس میں سابق صدر جنرل پرویز مشرف کے دائمی وارنٹ برقرار رکھتے ہوئے جائیداد قرقی کیلئے پولیس کو تحصیلدار آفس سے جائیداد کی تفصیلات حاصل کرنے کا حکم دیا ہے، جبکہ جرمانہ کے طور پر دونوں ضامنوں کی پانچ، پانچ لاکھ روپے کی رقم بحق سرکار ضبط کر لی گئی۔
جمعہ کو اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پرویز مشرف کے خلاف ججزنظربندی کیس کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران ملزم پرویز مشرف پیش نہ ہوئے تاہم ان کے دونوں ضامن عدالت میں پیش ہوئے اور استدعا کی کہ انہیں ضمانت کے طور پر جمع کرائی گئی جائیداد کی دستاو یزا ت واپس کر دی جائیں تو وہ ضمانت منظور کرنے کے لیے پانچ پانچ لاکھ روپے کی نقد رقم جمع کرانے کو تیار ہیں، عدالت نے ضامنوں کی استدعا منظور کر لی۔
بعد ازاں عدالت نے پرویز مشرف کے اشتہاری ملزم کا اسٹیٹس اور دائمی وارنٹ گرفتاری کا حکم برقرار رکھتے ہوئے کیس داخل دفتر کر دیا ۔ پرویز مشرف کے وکیل اختر شاہ ایڈوو کیٹ کے مطابق ضامنوں نے جرمانے کی رقم نیشنل بنک میں جمع کرا کر رسید عدالت میں پیش کر دی ہے ۔