باکسر عامر خان کی اہلیہ فریال مخدوم نے سب سے پہلے سسرال والوں سے اختلافات اور الزامات کے سبب خبروں میں جگہ پائی، پھر ان کے اور شوہر کے درمیان ایک دوسرے پر الزامات کا سلسلہ شروع ہوا، جس کے دوران سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر طلاق دیے جانے تک بات پہنچ گئی۔
اس دوران کئی مرتبہ اس جوڑے کے درمیان صلح کی خبریں بھی منظر عام پر آئیں تاہم اب پھر ڈرامائی انداز میں عامر اور فریال کے درمیان صلح ہوگئی ہے۔
اسی سال اگست میں باکسر عامر خان نے الزامات در الزامات کے درمیان اپنی اہلیہ فریال مخدوم سے علیحدہ ہونے کا اعلان کیا اور فریال کے عامر کے والدین سے معافی سامنے آنے پر بھی عامر نے انہیں معاف نہیں کیا تھا۔
اس دوران فریال اور عامر نے ایک دوسرے پر دھواں دھار الزامات لگائے جن میں ایک دورسے کے کسی اور سے تعلقات ہونے کے سنگین الزمات بھی شامل تھے ۔
الزامات کے بعد بھی فریال نے صلح کی کئی کوششیں کیں تاہم عامر نے ہر مرتبہ صلح کرنے سے انکار کردیا۔
اس دوران مختلف جگہوں پر عامر خان کی کئی لڑکیوں کے ساتھ سیر سپاٹے کی تصاویر اور خبریں بھی میڈیا اور سوشل میڈیا کی زینت بنیں ۔
اس سب کے باوجود گزشتہ ماہ ان کی اہلیہ فریال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ امید سے ہیں اور جلد نیا مہمان ان کے گھر آنے والا ہے۔
اس خبر کے بعد اس جوڑے نے ایک دوسرے کے خلاف بیانات سے گریز کیا، جس کے بعد اب دونوں کے درمیان صلح ہونے کی خبر اچانک آئی ہے۔
عامرخان نے اپنی اہلیہ سے صلح کا اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کیا ہے جہاں انہوں نے فریال کے ساتھ تصاویر بھی شیئر کرائی ہیں۔