• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک لبیک قانون ہاتھ میں نہ لے،راستہ کلیئر کردے، احسن اقبال

اسلام آباد،لاہور(خصوصی نامہ نگار،اپنے رپورٹر سے،نمائندگان جنگ ) وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ امید ہے تحریک لبیک پاکستان خود جلد راستہ کلیئر کردے گی اور حکومت کو انتہائی اقدام اٹھانے پر مجبور نہیں کیا جائیگا ۔ احسن اقبال نے کہا ہے کہ نبی کریمؐ کی تعلیمات عوام کے حقوق کا احترام سکھاتی ہیں ،مریضوں ، طالبعلموں اور عوام کی زندگی اجیرن کرنا کسی بھی طرح حب رسولؐ نہیں، سپاہیوں کا اغواء انتہائی سنگین جرم ہے۔ پیر کو وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ نے کہا کہ تحریک لبیک یا رسول اللہ کے قائدین احتجاج کریں مگر قانون ہاتھ میں لینے سے گریز کریں۔کوئی مسلمان ختم نبوت پر سمجھوتہ نہیں کر سکتا، اس مسئلہ پر قوم متحد ہے لہٰذا تقسیم پیدا کرنا نامناسب ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عاشقان رسولؐ کی قوم ہیں، پاکستان میں امن کی حفاظت سب کا فرض ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دشمن حلقے مظاہرین کی تصویریں اور تقریریں عالمی سطح پر اسے بدنام کرنے کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ تشدد سے بچا جائے،عوام کی مشکلات کا مظاہرین کو احساس دلوایا گیا ہے ، امید ہے وہ جلد راستہ کلئیر کر دینگے۔ادھر پیر کو بھی دھرنا جاری رہا، تحریک لبیک پاکستان نے اپنے ایک نکاتی مطالبے کی منظوری تک فیض آباد انٹر چینج کھولنے سے انکار کردیا ہے۔ ان کاکہنا ہے کہ حکومت تحفظ ختم نبوت کے معاملے کو غیر سنجیدہ انداز میں دیکھ رہی ہے ، ہم راولپنڈی اسلام آباد کے شہریوں کو تنگ کرنے نہیں بلکہ ان کے جذبہ ختم نبوت کو گرمانے کیلئے یہاں بیٹھے ہیں۔حکومت دھمکیاں نہ دے طاقت کااستعمال کرکے دیکھ لے ہم ڈٹے ہوئے ہیں اور ڈٹے رہینگے۔ تحریک کے کارکنوں نے فیض آباد انٹر چینج میں خیمے لگا لئے ہیں ۔راولپنڈی اسلام آباد کے رہائشی گزشتہ روز بھی ذلیل و خوار ہوتے رہے، انٹر چینج پر تحریک لبیک کے کارکنوں کے قبضے کی وجہ سے وفاقی دارالحکومت میں داخل ہونے والی گاڑیاں متبادل راستوں پر منتقل ہونے پر مجبور ہوگئی ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف ٹریفک کے حادثات میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا بلکہ گاڑیوں کی توڑ پھوڑ معمول بن گئی، طلبا و طالبات نہ صرف تعلیمی اداروں میں تاخیر سے پہنچ رہے ہیں بلکہ انہیں گھروں تک پہنچنے تک عشاء کی اذان ہوجاتی ہے۔
تازہ ترین