سکھر (بیورو رپورٹ) شہر کے گنجان آباد علاقوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ اور پریشر میں نمایاں کمی کیخلاف پیپلز پارٹی کی جانب سے ریجنٹ سینما چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے چولہے پر برتن رکھ کر انوکھا احتجاج ریکارڈ کرایا، مظاہرے کی قیادت نصیر گوپانگ و دیگر نے کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی گنجان آبادی والے علاقوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ اور پریشر میں نمایاں کمی نے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کررکھا ہے، صبح، دوپہر اور رات کے اوقات میں گیس نہ آنے کی وجہ سے خواتین کو کھانا تیار کرنے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، متعدد بار سوئی گیس کمپنی کے افسران کو شکایات کے ازالے کے لئے درخواستیں دی گئیں مگر کوئی ازالہ نہیں کیا جارہا ہے، انہوں نے سوئی گیس کمپنی کے بالا حکام سے اپیل کی ہے کہ نوٹس لیکر گیس کی لوڈشیڈنگ اور پریشر میں نمایاں کمی کی شکایات کا فوری ازالہ کرکے عوام کو پریشانی سے بچایا جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کرینگے۔