پشاور(نمائندہ خصوصی) آل پاکستان مسلم لیگ خیبر پختونخوا کے صدر اورنگزیب خان مہمند نے کہا ہے کہ نواز شریف اور زرداری کی غلط پالیسیوں اور عمران خان کے دھرنوں کی وجہ سے ملک بحران سے دو چار ہو گیا ہے اور عوام کی مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں صرف پرویز مشرف جیسے مخلص اور باصلاحیت سیاستدان ہی ملک کو بحران سے نجات دلا سکتے ہیں۔ عوام کی نظریں پرویز مشرف ہی کی طرف لگی ہوئی ہیں۔ آل پاکستان مسلم لیگ سے23جماعتوں کا اتحاد مفاد پرستوں کے خلاف ٹریلر ہے۔ پرویز مشرف بہت جلد ملک واپس آ کر قوم کی قیادت کریں گے۔ انہوں نے پارٹی عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آل پاکستان مسلم لیگ پہلے پاکستان کے نعرہ کے ساتھ انتخابی میدان میں اترے گی اور عوام مفاد پرستوں کی بجائے آل پاکستان مسلم لیگ کا ساتھ دیں گے۔ اورنگزیب خان مہمند نے کہا کہ نواز شریف اور زرداری عوام کے مفادات کی بجائے اقتدار کی جنگ لڑ رہے ہیں جبکہ آل پاکستان مسلم لیگ اقتدار کی نہیں عوام کے مفادات کی جنگ لڑ رہی ہے۔