کوئٹہ (سٹی ڈیسک) پاکستان ورکرز کنفیڈریشن بلوچستانرجسٹرڈکے رہنمائوں محمد رمضان اچکزئی، خان زمان،عبدالمعروف آزاد، بشیر احمد رند، محمدرفیق لہڑی، حاجی عزیزاللہ ،محمد قاسم کاکڑ، جانان خان کاکڑ اور عابد بٹ نے بیان میں گزشتہ دنوں تربت میں ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے غریب مزدوروں اور کوئٹہ میں بے گناہ شہریوں کے قتل کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ اس سے قبل بھی تربت، گوادرمیں دن دہاڑے بے گناہ مزدوروں کو قتل کیا گیا جو کہ وحشیانہ ظلم و بربریت کی انتہا ہے۔ اس طرح کے قتل عام کی نہ تو ہمارے دین اسلام،انسانیت اور نہ ہی اخلاقیات میں کوئی گنجائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ نومبر2016ء اورجنوری2017ء کو گڈانی میں درجنوںاور کراچی کی فیکٹری میں 250 سے زائد مزدوروں کو زندہ جلایا گیا۔ اسی طرح آئے روز مزدور کوئلے کی کانوں،صنعتوں اور سڑکوں پر کیڑے مکوڑوں کی طرح مارے جارہے ہیں۔ جبکہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اپنے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت حکومت میں بیٹھے نمائندوں کو عوام کے بنیادی مسائل اور ان کے جانوں کے تحفظ سے متعلق کوئی سروکار نہیں۔