ملتان(سٹاف رپورٹر)پاکستانی عوام کومہمان نوازپایا ہے جبکہ ملتان پہنچنے تک اندازہ ہوا ہے کہ یہ ملک تیزی سے ترقی کررہاہے ۔چیکوسلواکیہ (چیک ری پبلک )کے سیاح جوڑے نے اپنی ملتان آمد پر میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔غیر ملکی سیاحوں کی میزبانی کے فرائض ملتان کے معروف ٹورسٹ اور سیاح اقبال گھانگلہ نے ادا کئے ۔خاتون ٹورسٹ شارکن نے بتایاکہ اس نے اپنے خاوند کے ہمراہ دوماہ قبل اپنے ملک سے دنیا دیکھنے کی خاطر اپنے سفرکاآغاز کیا تھااوراب تک ہم تیرہ ہزار کلومیٹرکافاصلہ طے کرچکے ہیں ۔پاکستان کے بعد ہم انڈیاجائیں گے ۔انہوںنے کہاکہ دنیامیں پاکستان میں امن وامان کی خرابی کابہت شورمچایاجاتاہے لیکن ہمیں کسی جگہ ایسی کوئی بات نظر نہیں آئی بلکہ نوجوان اوربچے بھاگ بھاگ کرہمارے ساتھ ہاتھ ملاتے اوربات کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ پاکستانی کھانے بہت مصالحے دار ہیںیہاں کی آب وہوابہتر ہے ہمیں اپنی بات سمجھانے میںاکثر بہت دشواری پیش آتی ہے تاہم یہاں کھانے پینے اورضرورت کی دیگر اشیاءزیادہ مہنگی نہیں ہیں ۔شارکن نے کہاکہ ملتان کے بعدہم کاغان ،ناران کی طرف جائیں گے ہم نے ان علاقوں کی بہت تعریف سنی ہے اب جاکردیکھیں گے توپھر ہم اس بارے میں اپنے ملک جاکر دوسرے لوگوں کوبھی بتائیں گے ۔اس موقع پرملتان میں ان کے میزبان معروف موٹرسائیکلسٹ اقبال گھانگلہ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔