• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وسیم اکرم کو سپر لیگ میں ملتان سلطانزسے بڑی امیدیں وابستہ

 ملتان (نمائندہ جنگ ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم پاکستان سپر لیگ کے اگلے سیزن میں نئی فرنچائز ٹیم ملتان سلطانز کے مینٹور ہوں گے، انہیں پی ایس ایل تھری میں اپنی ٹیم سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ ملتان سلطان پاکستان سپر لیگ کی چھٹی ٹیم ہے ملتان سلطان کے کھلاڑی ڈرافٹنگ کے بعد فائنل ہوچکے ہیں ، ملتان سلطان نے معروف تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل مضبوط ٹیم بنائی ہے جو کہ اس پی ایس ایل میں سب کو اپنی اچھی پرفارمنس سے سرپرائز کرے گی۔ان خیالات کا اظہار سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سوئنگ کے سلطان کا مزید کہنا تھا کہ ملتان کی ٹیم میں احمد شہزاد کی شمولیت پر لوگوں کی تنقید بے جا ہے احمد شہزاد نوجوان کھلاڑی ہے اور ابھی 26 سال کی عمر میں ہے اور وہ مزید محنت کرکے اپنی خامیوں پر قابو پاسکتا ہے ۔ ملتان میں پاکستان کا دلکش و جدید کرکٹ اسٹیڈیم ہے اگلی پاکستان سپر لیگ کے کرکٹ میچ ملتان میں منعقد ہونے کے امکانات ہیں۔ جنوبی پنجاب کی عوام کرکٹ سے پیار کرنے والے لوگ ہیں اور اس خطے کے عوام کرکٹ بڑے شوق سے کھیلتے ہیں ، ملتان سلطان کی پی ایس ایل میں شمولیت سے جنوبی پنجاب میں کرکٹ کو فروغ ملے گا البتہ پی ایس ایل تھری میں ملتان میں میچ کرانا ممکن نہیں ہے لیکن اگلی بار پی سی بی ضرور ملتان میں پی ایس ایل میں میچز کروائےگی ، انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ محمد حفیظ کو اپنا بولنگ ایکشن ٹھیک کرنے کے لئے توجہ دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی کرکٹ بہت تیز ہوچکی ہے اورپاکستانی ٹیم نوجوانوں کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جو چمپیئنز ٹرافی جیت کر آئی ہے اور مستقبل میں پاکستانی کی کرکٹ میں مزید نیا ٹیلنٹ آئے گا ۔ 
تازہ ترین