• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سراج الحق کی بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے قائدین کوسزائے موت کی مذمت

لاہور(نمائندہ خصو صی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے بنگلہ دیش میں حسینہ واجد حکومت کی طرف سے جماعت اسلامی کے مزید 6 قائدین کو پھانسی کی سزا سنائے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیاہے کہ فوری طور پر عالمی سطح پر اس مسئلے کو اٹھایا جائے اور ان پھانسیوں کو رکوانے کے لیے عالمی برادری سے تعاون کی اپیل کی جائے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ نام نہاد جنگی جرائم ٹریبونلز کی طرف سے جماعت اسلامی کے مرکزی قائدین سمیت درجنوں راہنماؤں کو محض پاکستان سے محبت اور وفاداری کے جرم میں پھانسیاں دی گئی ہیں، اب ایک بار پھر وہی کھیل کھیلا جارہاہے لیکن حکومت پاکستان مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان سہ فریقی معاہدے کو عالمی عدالت میں پیش کیا جائے جس میں فریقین نے 1971 ءکی جنگ اور علیحدگی کے واقعات کی بنا پر کسی کو سزا نہ دینے اور عام معافی کا اعلان کیاتھا ۔ دریں اثنا سینیٹرسراج الحق اور لیاقت بلوچ نے دہشتگردی کے خلاف لڑتے ہوئے شہادت پانے والے میجر اسحٰق کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیاہے ۔ انہوں نے شہید کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ شہید پر پوری قوم کو فخر ہے اور شہدا کے خاندان قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں ۔
تازہ ترین