• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی ٹی 20، لاہور بلیوز راولپنڈی کیخلاف سرخرو، لاسٹ فور میں رسائی

  کراچی (اسٹاف رپورٹر) لاہور بلیوز قومی ٹی 20کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی ۔ ایونٹ میں جمعرات کو لاہور بلیوز نے راولپنڈی کو سات وکٹوں سے شکست دیکر لاسٹ فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ بلیوز نے سات میچوں میں سے پانچ میچ جیتے۔ دوسرے میچ میں فیصل آباد نے پشاور کو پانچ وکٹوں سے ہرادیا اور سیمی فائنل میں اس کی جگہ پکی نظر آرہی ہے۔ فیصل آباد نے بھی چھ میچوں میں چوتھی کامیابی حاصل کی۔ سیمی فائنل کی چوتھی ٹیم کے لئے کراچی اور فاٹا میں مقابلہ ہے۔ کراچی نے سات میچ کھیل لئے ہیں۔ فاٹا کا ایک میچ باقی ہے۔ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں گذشتہ روز پہلا میچ لاہور بلیوز کے کپتان محمد حفیظ نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔ راولپنڈی17.4اوورز میں118رنز بناکر آئوٹ ہو گئی ، افتخار احمد نے 33گیندوں پر 6 چھکوں کی مدد سے 60 رنز اور ذیشان ملک نے 24رنز بنائے۔ لاہور کی طرف سے سلیمان آغا اور عاطف جبار نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔ فاتح ٹیم نے ہدف 17.1اوورز میں 3وکٹوں کے نقصان پرپورا کر لیا۔ امام الحق نے 36، احمد شہزاد نے 27جبکہ سلیمان آغا نے ناٹ آئوٹ 34اور حسین طلعت نے آئوٹ ہوئے بغیر21 رنز بنائے۔ محمد اصغر نے 13رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ پشاور کی ٹیم 139رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ تاج ولی نے تین عمران خالد اور سعید اجمل نے دو دو وکٹ حاصل کئے۔ جواب میں فیصل آباد نے ہدف آخری گیند پر حاصل کیا ۔صاحبزادہ فرحان نے47 اور گوہر علی نے 30رنز بنائے۔
تازہ ترین