بارسلونا (نمائندہ جنگ) چوہدری برادران ہر طرح کے احتساب کے لئے تیار ہیں کیونکہ چوہدری شجاعت حسین اور پرویز الہیٰ نے خود کہا تھا کہ ہمارا بھی احتساب کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ق سپین کے چیئرمین چوہدری امتیاز آف لوراں نے نمائندہ جنگ سے بات کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کسی ایک فرد یا خاندان کا احتساب نہیں بلکہ ہر اُس شخص کا احتساب لازمی ہے جو کسی بھی دورِ حکومت میں حکومتی نمائندہ رہ چکا ہو، امتیاز لوراں کا کہنا تھا کہ جن کو احتساب کا ڈر ہوتا ہے وہ سامنے آکر نہیں کہتے کہ ہمارا احتساب کیا جائے، انہوں نے کہا کہ چوہدری برادران کا ماضی اور حال بالکل بے داغ ہے اور آنے والے وقت میں مسلم لیگ ق پاکستان میں حکومت بنانے کے لئے پُر عزم ہے اور آئندہ قومی انتخابات میں یہ جماعت بھر پور انداز سے حصہ لے گی۔