لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ملتان میں بزرگ جوڑے پر پولیس تشدد پر سخت ایکشن لیتے ہوئے 3 پولیس افسروں کو بر طرف کرنے کا حکم دے دیا۔ ملتان میں پولیس تشدد کا نشانہ بننے والے بزرگ جوڑے نے شہباز شریف سے ملاقات کی اور بزرگ جوڑے سے واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں -وزیر اعلیٰ نے بزرگ جوڑے پر تشددکے واقعہ پر افسوس کا اظہارکیا اور سخت ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ سرکل کے ڈی ایس پی ، ایس ایچ او ، سب انسپکٹر اور اے ایس آئی کو ملازمت سے برطرف کرنے کا حکم دے دیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انسانیت سوز واقعہ کے ذمہ داروں کو ملازمت میں رہنے کا کوئی حق نہیں -غریب لوگوں کے ساتھ ایسا ظلم کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے -میں معاملے کو منطقی انجام تک پہنچاؤں گا-وزیر اعلیٰ نے پولیس حکام سے استفسار کیا کہ کیا انصاف صرف امیر کا حق ہے ؟وزیر اعلی نے بزرگ جوڑے کے معاملے میں تاخیر کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کیلئے بھی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ انکوائری کمیٹی 7 روز میں ذمہ داروں کا تعین کر کے رپورٹ پیش کرے- مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی نے شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں شہباز شریف نے کہا کہ سیاسی و عسکری قیادت کے اتفاق رائے سے کئے گئے فیصلوں کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے، عوام کوریلیف کی فراہمی اورخدمت خلق مسلم لیگ (ن) کی حکومت کااوڑھنا بچھونا ہے،آخری سانس تک عوام کی خدمت کرتے رہیں گے، حکومت نے رکاوٹوں کے باوجود عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھا ہو اہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ حالات میں انتشار یاافراتفری کی سیاست کی رتی بھربھی گنجائش نہیں،تبدیلی کے دعویداروں نے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔انہوں نے اپنا تمام وقت دھرنوں اور منفی سیاست میں برباد کیا۔شہباز شریف نے کہا کہ شعبدہ بازی ، دھرنے اور الزامات کی سیاست عوام کی خدمت نہیں بلکہ دکھی انسانیت کی خدمت ہی عبادت ہے اور ہم عوام کی خدمت عبادت سمجھ کرکررہے ہیں ۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں رکن قومی اسمبلی چوہدری افتخار نذیر، اراکین صوبائی اسمبلی مہر محمد فیاض، جاوید علائوالدین ساجداور میاں مناظر حسین رانجھا شامل تھے۔علاوہ ازیں شہباز شریف نے شہید پائلٹ مریم مختار کی دوسری برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ فلائنگ آفیسر شہیدمریم مختار بلند حوصلے اور خداداد صلاحیتوں کی مالک تھیں اورشہید کی وطن سے محبت، بہادری اور شجاعت قابل تقلید ہے، شہید مریم مختارجیسی باصلاحیت اوربہادر بیٹیاں پاکستان کا قابل فخر اثاثہ ہیں ۔