اسلام آباد(خصوصی نمائندہ) وزیر مملکت برائے وزارت انرجی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پیشہ ورانہ امور کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ سے صحت مند معاشرے کی تشکیل ممکن ہے ، ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت نے آئیسکو انجینئرز ایسویسی ایشن (آئی ای اے ) زیر اہتمام دوسرے سالانہ ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کے اختتام پر گفتگو کر تے ہوئے کیا ۔ آئیسکو ترجمان کےمطابق آئیسکو انجینئرز ایسویسی ایشن کی جانب سے اسلام آباد کے شالیمار کرکٹ گراونڈ میں دوسرے ایک روزہ ٹینس بال کرکٹ ٹورنامنٹ منعقد کروایا گیا جس میں آئیسکو ریجن کے پانچوں سرکلز کی کرکٹ ٹیموں کے علاوہ آئیسکو ہیڈ آفس ، کمپیوٹر سینٹر، فنانس ڈاریکٹوریٹ ، انٹرنل آڈٹس اور جی ایس او سرکل کی ٹیموں نے حصہ لیا ۔ٹورنامنٹ کا افتتاح آئیسکو چیف باسط زمان نے کیا ۔ ٹورنامنٹ میں راولپنڈی سرکل اور آئیسکو کمیپوٹر سینٹر کی ٹیموں نے فائنل تک رسائی حاصل کی ۔ راولپنڈی سرکل کی ٹیم نے سنسی خیز مقابلے کے بعد میچ کے آخری اوور میں آئیسکو کمپیوٹر سینٹر کے دئیے گئے ہدف کو عبور کرتے ہوئے فائنل ٹرافی اپنے نام کرلی ۔ میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی چوہدری عابد شیر علی اورآئیسکو چیف باسط زمان احمد نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔