لاہور (نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کے بیٹے محمد اقبال کی دس سال قبل چوری ہونے والی کار اے وی ایل ایس پولیس صدر نے ٹھوکر نیازبیگ ناکہ پر پکڑ لی۔ تفصیلات کے مطابق احسن اقبال کے بیٹے محمد اقبال کی قیمتی کار 2007میں اسلام آباد سے چوری ہو گئی تھی جس کا مقدمہ محمد اقبال کی مدعیت میں آئی نائن تھانہ اسلام آباد میں درج ہوا، کار کا اصل نمبر کوئٹہ کا ہے اور کار اصل چیسیز نمبر پر چل رہی تھی لیکن جعلی رجسٹریشن بک نوشہرہ سے بنائی گئی تھی ڈی ایس پی آفتاب پھلروان کی نگرانی میں پولیس نے ٹھوکر نیاز بیگ پر ناکہ لگارکھا تھا۔ پولیس نے جب کار کے چیسیز نمبر اور رجسٹریشن بک چیک کی تو وہ جعلی نکلی، بعدازاں پتہ چلا کہ کار چوری کی ہے ۔ پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔