دیر(نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اسلام آباد میں دھرنا مظاہرین پر حکومتی اداروں کی طرف سے تشدد اور آپریشن پر غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب بھی حکومت کا آخری وقت قریب آتا ہے، تووہ لاٹھی گولی اور تشدد کا راستہ اپناتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے دورہ دیر کے موقع پر مقامی صحافیوں سے گفتگو اور بعد ازاں بلامبٹ جامعہ احیاءالعلوم میں جماعت اسلامی کے دو روزہ تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اسلام آباد میں حکومت نے معاملات خود بگاڑ ے جس کا حتمی نتیجہ آپریشن کی صورت میں ظاہر ہوا‘ وزیر قانون زاہد حامد کوخود فوری استعفیٰ دینا چاہئے یا ان لوگوں کی نشاندہی کریں جو ناموس رسالتﷺ کے قانون میں تبدیلی کے جرم میں شریک تھے‘آپریشن اور طاقت کا استعمال کسی بھی مسئلے کا حل نہیں،سراج الحق نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تمام گرفتار شدہ مظاہرین کو فی الفور رہا کیا جائے اور زخمیوں کی داد رسی کی جائے۔ سینیٹر سرا ج الحق کا کہنا تھاکہ دھرنے کے خلاف طاقت کا استعمال کر کے حکومت نے معاملے کو الجھا دیا ہے ۔