لاہور(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سابق نائب وزیر اعظم و پاکستان مسلم لیگ کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ قومی حکومت ہی موجودہ بحران کا واحد حل ہے، کٹھ پتلی حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، پاکستان کو اس وقت جن اندرونی اور بیرونی چیلنجوں اور خطرات کا سامنا ہے ان سے نمٹنے کی صلاحیت موجودہ حکومت کے پاس نہیں ہے، نوازشریف کی نااہلی کے بعد کٹھ پتلی حکومت اپنا اخلاقی جواز کھو چکی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ کے رہنمائوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ختم نبوت دھرنا کے شرکا پر بدترین تشدد نوازشریف کے کہنے پر ہوا ہے لہٰذا وہی ان افراد کے قاتل ہیں جو آپریشن میں شہید ہوئے ہیں، نوازشریف اپنے آپ کو بچانے کیلئے ملک میں افراتفری اور انارکی چاہتے ہیں اور وزیراعظم اور وزراء کے ساتھ ان کے روز روز کے مشاورتی اجلاسوں کا ایجنڈا یہی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی بدنیتی کا ثبوت یہ بھی ہے کہ وہ عدلیہ کے بعد اب فوج کوبھی اس بحران میں گھسیٹنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرداخلہ کا ختم نبوت دھرنا کو بھارت سے جوڑنا انتہائی شرمناک ہے۔