وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ سول اور عسکری قیادت نے امن کے لئے مل کر کردار ادا کیا ،قومی قیادت اور قومی ادارے اپنی کوششوں میں کامیاب رہے ۔
میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ یہ سیاسی دھرنا نہیں تھا، مذہبی عقائد کا بہت جذباتی معاملہ تھا، معاملے کی سنگینی کا اندازہ تھا، اسی لیے افہام و تفہیم سے حل کرنے کی کوشش کی۔
ان کا مزید کہناتھاکہ ناکام سیاستدانوں نے معاملے پر پیٹرول چھڑک کر فائدہ اٹھانے کی کوشش کی ، دھرنے کے دوران لوگوں کواشتعال دلایا گیا، لوگوں کے گھروں پرحملے کیے گئے، جن کے گھروں پرحملے کیے گئے وہ بھی مسلمان اورختم نبوت پریقین رکھتے تھے۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ سیاسی اونر شپ کے بغیر آپریشن کیا گیا ،معاملات طے پاگئے ہیں، مظاہرین زیادہ تر جگہیں خالی کر چکے ہیں،ساری چیزیں چند گھنٹوں میں نارمل ہوجائیں گی ۔
ان کا کہناتھاکہ دھرنا شرکاء کے خلاف آپریشن انتظامیہ نے کیا، ایگزیکٹو کو ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے موقع دینا چاہیے،جب دوسرے ادارے موقع نہیں دیں گےبہترکارکردگی نہیں آ سکتی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ گرفتار مظاہرین کو قانونی ضابطے پورے کرنا ہوں گے،دھرنا ہمارے لیے بحیثیت قوم بہت سارے سوالات چھوڑ کر جارہا ہے ،معاملہ ختم ہوگیا ہے اب تجزیہ کرنا ہے کہ نقصانات کا ازالہ کیسے ہو۔