• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شریف فیملی کیخلاف فروری تک فیصلے ہوتے ہوئے دیکھ رہاہوں ،شیخ رشید

مانچسٹر (ذوالفقار علی مہر، غلام مصطفیٰ مغل) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نےکہاہے کہ وہ آئندہ سال فروری تک سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے خاندان کے خلاف فیصلے ہوتے ہوئے دیکھ رہے ہیںاورمارچ میں کک مارچ ہوگا۔ وہ مانچسٹر کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کررہے تھے،ان کے ہمراہ سماجی رہنما و بزنس مین انیل مسرت اور PTI کے رہنما صاحبزادہ جہانگیر بھی تھے۔ انھوں نے متوقع الیکشن سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مردم شماری کامعاملہ اگست تک جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی لابی نے چور مچائے شور کی فلم چلوائی ہوئی ہے اور کھیسانی بلی کھمبا نوچے، والا کام شروع کیا ہوا ہے۔ انہوں نےکہاکہ اپوزیشن جماعتیں جمہوریت کاتسلسل چاہتی ہیں توفوری طور پر اسمبلیوں سے استعفے دے دیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسلم لیگ عمران خان کے ساتھ مل کر ملک میں ایک بہت بڑی تحریک چلانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ شیخ رشید نے عمران خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی سیاست سے انکار ہو سکتا ہے لیکن ان کی دیانتداری پر شک نہیں کیا جا سکتا۔ یہ ملک اب صرف عمران خان کی قیادت میں ہی کرپشن سے پاک اور ترقی پر گامزن ہوگا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پنجاب میں مقابلہ عمران خان اور مسلم لیگ ن کا ہی ہوگا اور کچھ لوگ ادھر چلے جائیں گے اور کچھ لوگ ادھر آئیں گے اور عوام دیکھیں گے کہ ایک طرف چور ڈاکو لٹیرے کرپٹ اور جھوٹے لوگوں کا ٹولا ہوگا اور ہم عمران خان کی قیادت میں الیکشن لڑیں گے اور عوام کو بتائیں گے کہ الیکشن کیسے لڑا جاتا ہے۔ انہوں نے عوام کو تنبیہ کرتے ہوئے کہاکہ ابھی بھی اگر وہ انصاف کا ساتھ نہیں دیں گے تو ان کا پھر اللہ ہی مالک ہے۔ جنگ و جیو نیوز کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ناموس رسالتﷺ کے قانون میں جو تبدیلی لائی گئی ہے، اس میں انہوں نے خدا کو گواہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ سب نواز شریف کے کہنے پر ہوا ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ احتساب سب کا ہونا چاہئے۔ جن کا ہو رہا ہے وہ کہتا ہے کہ میں نے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے پاس عدلیہ میں دینے کے لئے ایک بھی کاغذ نہیں ہے اگر ایک بھی ہوتا تو یہ سپریم کورٹ یا JIT میں پیش کر چکے ہوتے۔ انہوں نے دھرنے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ عمران خان کے دھرنے والوں کے ساتھ مذاکرات فوج نے کرائے،حکومت نے دھرنے میں شہید ہونے والے افراد کی میڈیکل رپورٹ بھی دبائی ہوئی ہے لواحقین کو جاری نہیں کر رہی۔
تازہ ترین