اسلام آباد ( آن لائن ) اسلام آباد انسداد دہشت گردی کی عدالت نے عمران فاروق قتل کیس میں بانی ایم کیو ایم لندن کے ناقابل وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت 20 دسمبر تک کیلئے ملتوی کردی۔ گزشتہ روز اسلام آباد انسداد دہشت گردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں لندن میں قتل کئے گئے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما عمران فاروق قتل کیس کی سماعت کی۔فاضل جج نے جب سماعت شروع کی تو ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے دستاویزات مکمل کرنے کے لئے مزید وقت دینے کی استدعا کی۔ معزز عدالت ایف آئی اے کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کی کاروائی ایک بار پھر موخر کردی۔بعدازاں فاضل جج نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں بانی متحدہ الطاف حسین کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے اور ملزم کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت 20 دسمبر تک کیلئے ملتوی کردی۔