• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر،محکمہ آبپاشی کے ملازمین کی کام چھوڑ ہڑتال جاری

سکھر (بیورو رپورٹ) آل سندھ ایری گیشن ٹریڈ یونینز فیڈریشن کی جانب سے مطالبات کے حصول کے لئے دی گئی ہڑتال کی کال پر محکمہ آبپاشی کے ملازمین نے سکھر بیراج کی کینالوں اور مین بیراج ،کوٹری اور گڈو بیراج سمیت سندھ بھر میں پانی کی سطح کا ناپ لینے کا بائیکاٹ، کام چھوڑ ہڑتال کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ملازمین کی جانب سے دوسرے مرحلے میں 9 دسمبر بروز ہفتہ کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ کے سوسائٹی میں بنگلے کے سامنے احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دینے کا اعلان کیا گیا ہے جوکہ مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔کیونکہ سید خورشید احمد شاہ نے پنوعاقل میں ایک جلسہ عام کے دوران محکمہ آبپاشی کے ملازمین کے ساتھ وعدہ کیا تھا کہ وہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے محکمہ آبپاشی کے28 ہزار ملازمین کے ٹائیم اسکیل کی سمری منظور کروائیں گے اور ان کے وعدے پر اب تک عمل نہیں ہوا ہے جس کے باعث مجبور ہوکر سید خورشید شاہ کے ہاؤس کے سامنے دھرنا دینے پر مجبور ہیں۔آل سندھ ایری گیشن ٹریڈ یونینز فیڈریشن کے صدر میاں عبدالرحیم بھارو نے سکھر بیراج پر مکینیکل سیکشن میں مزدوروں کے اجتماع سے خطاب کے دوران اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آبپاشی کے ملازمین کی جانب سے مطالبات کے حصول کے لئے متعدد مرتبہ احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور دھرنے بھی دیئے گئے لیکن کسی نے نوٹس نہیں لیا جس کے باعث 9دسمبر کو سکھر میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ کی رہائشی گاہ کے سامنے احتجاجی کیمپ لگا کر دھرنا دیا جائے گا جس میں سندھ بھر سے ملازمین شرکت کریں گے یہ دھرنا اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ملازمین کے جائز مطالبات کو حل نہیں کیا جاتا۔
تازہ ترین