کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاقی اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر اقبال کو عہدے سے سبکدوش کر کے نذیر حسین یونیویرسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر الطاف حسین کو قائم مقام وائس چانسلر مقرر کردیا گیا ہے جس کا ایوان صدر نے نوٹیفیکشن بھی جاری کردیا ہے۔تاہم ڈاکٹر ظفر اقبال کے ترجمان جاوید جعفری کے مطابق ڈاکٹر ظفر اقبال قانونی وائس چانسلر ہیں کیوں کہ یہ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے، ترجمان کے مطابق شام گئے ڈاکٹر ظفر اقبال کے جانے کے بعد یہ سب ہوا لیکن ڈاکٹر ظفر بطور وائس چانسلر جمعہ کو معمول کے مطابق دفتر آئیں گے، قائم مقام وائس چانسلر کی ترجمان ارم فضل کے مطابق وفاقی جامعہ اردو کی سینیٹ کے33ویں اجلاس منعقدہ 5اکتوبر 2017کے فیصلے کے مطابق جامعہ اردو کے قائم مقام وائس چانسلر کا چارج علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر ایس الطاف حسین نے جمعرات سے سنبھال لیا ہے۔اس سلسلے میں صدر پاکستان اورچانسلر وفاقی اردو یونیورسٹی ممنون حسین کی طرف سے جاری کردہ اعلامئے کے مطابق ڈاکٹر ظفر اقبال کو سبکدوش کردیا گیا ہے اور ڈاکٹر ایس الطاف حسین کو فوری طور پر وائس چانسلر کا چارج سنبھالنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں اور سابق وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر اقبال کے گذشتہ دورانیئے میں کئے گئے تمام فیصلوں کوکالعدم قرار دیا گیا ہے۔ڈاکٹر ایس الطاف حسین کے چارج سنبھالنے کے موقع رجسٹرار ڈاکٹر محمد صارم ،ٹریژرار دانش احسان،رکن سینیٹ ڈاکٹر افتخار محمد طاہری، جنرل سیکریٹری انجمن اساتذہ ڈاکٹر محمد زاہد،پروفیسر محمد صدیق، افسر تعلقات عامہ ارم فضل، صدرانجمن غیر تدریسی ملازمین محمد عدنان اختر، جنرل سیکریٹری محمد ریحان، اساتذہ اور غیر تدریسی ملازمین کی بڑی تعداد موجود تھی۔