• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیت المقدس کی آزادی عالم اسلام کیلئے زندگی موت کا مسئلہ ہے، سراج الحق

لاہور(نمائندہ خصو صی)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی اپیل پرامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالخلافہ قرار دینے کے خلاف ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا ۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں سمیت ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں امریکہ کے خلاف اور فلسطین کے حق میں ریلیاں نکالی گئیں اور احتجاجی مظاہرے کیے گئے جن میں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے امریکی اعلان کی شدید مذمت کی اور فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے لاہور میں مال روڈ پر مسجد شہدا ء کے مقام پر ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ٹرمپ نے امت مسلمہ کے زخموں پر نمک پاشی کی ہے جس کا خمیازہ اسے بھگتنا پڑے گا۔ بیت المقدس کی آزادی عالم اسلام کیلئے زندگی موت کا مسئلہ ہے، وزیراعظم او آئی سی اجلاس میں جا کر قوم کی امنگوں کی ترجمانی کریں، ٹرمپ کا اعلان پوری دنیا کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے ۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو او آئی سی کے اجلاس میں شرکت کر کے قوم کی امنگوں کی ترجمانی کرنی چاہیے ۔مقبوضہ بیت المقدس کیخلاف امریکی و صیہونی ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پاکستان کو فرنٹ لائن پر نظر آناچاہیے تاکہ امت کی رہنمائی اور قیادت کا فرض پوراکیا جاسکے ۔ مسلمان حکمران بزدلی کا رویہ چھوڑ کر ٹرمپ کے اعلان کے خلاف جرا تمندی کا مظاہرہ کریں۔ مقبوضہ بیت المقدس کی آزادی عالم اسلام کیلئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔ امریکہ کی اسلام دشمنی کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں۔ اب امریکہ ایک ایسی جنگ مسلط کرنے کا اعلان کر چکاہے جو پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ مسلم حکمرانوں کو اب امریکی غلامی چھوڑ کر امت مسلمہ کی سرفرازی اور بیداری کیلئے ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں۔ دنیا کا کوئی مہذب ملک امریکہ کے اس شر انگیز اعلان کی حمایت نہیں کر سکتا ۔ چین ، برطانیہ ، روس، جرمنی ، فرانس اور دیگر بڑی عالمی قوتوں نے ٹرمپ کے اعلان کر مسترد کرکے دنیا کو ایک تباہ کن جنگ سے محفوظ رکھنے کیلئے جس سنجیدہ رویے کا اظہار کیاہے وہ خوش آئند ہے ۔ 
تازہ ترین