امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ بیت المقدس سے متعلق ٹرمپ کے فیصلے کے خلاف 17 دسمبر کو ملین مارچ کریں گے۔
بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دینے کے فیصلے کیخلاف جماعت اسلامی کے تحت کراچی میں نیو ایم اے جناح روڈ پرخواتین کااحتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سرا ج الحق کا کہناتھا کہ ٹرمپ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں،بیت المقدس کے لیے لڑیں گے یہ ہمارے ایمان کا مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر گوربا چوف ثابت ہوگا، عالم اسلام ٹرمپ کے فیصلے کے خلاف ایکشن پلان مرتب کرے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کامظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ امریکا اور اسرائیل نے مسلمانوں کے ایمان پر حملہ کیا ہے اورپوری دنیا کے امن کو خطرے سے دوچار کردیاہے۔