• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر، موسم سرما کی پہلی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ، دن بھر ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہیں

سکھر+ٹھری میر واہ (بیورو رپورٹ/ٹھری میر واہ) سکھر و گرد نواح میں موسم سرما کی پہلی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ دن بھر آسمان پر سیاہ و سفید بادل چھائے رہے اور ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہیں۔گرم مشروبات، خشک میوہ جات ، گرم ملبوسات کی مانگ میں اضافہ ہوگیا۔ ملک کے مختلف شہروں کی طرح سکھر سمیت دیگر علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ اتوار کو شہر و گرد و نواح میں صبح ہی آسمان پر سیاہ و سفید بادل چھائے ہوئے تھے اور ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہیں جبکہ وقفے وقفے سے ہونیوالی موسم سرما کی پہلی ہلکی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جبکہ منچلے نوجوانوں نے موٹر سائیکلوں پر سوار ہوکر مختلف شاہراہوں پر گشت کیا اور موسم سرما کی پہلی ہلکی بارش کو خوب انجوائے کیا۔ شام کے وقت شہر کے مختلف مقامات جناح چوک، گھنٹہ گھر چوک، ایوب گیٹ، ڈھک روڈ، میانی روڈ، فریئر روڈ، شہید گنج و دیگر مقامات پر سموسے، پکوڑے، دہی بڑے، سوپ، یخنی ، ابلے ہوئے انڈے،چاٹ و دیگر چٹی پٹی اشیاء فروخت کرنیوالوں کی دکانوں پر شہریوں کا رش دیکھا گیا۔ شہری موسم کی مناسبت سے چٹی پٹی اشیاء کی خریداری میں مصروف نظر آئے جبکہ متعدد شہریوں کی جانب سے اپنے گھروں میں بھی مختلف پکوان تیار کئے گئے جبکہ سردی کی حالیہ لہر کے دوران لوگوں نے غیر ضروری طور پر بھی گھروں سے نکلنے کے بجائے گھروں میں ہی چھٹی کا دن گزارا۔ سردی کے باعث صبح کے وقت سڑکوں پر ٹریفک بھی معمول سے کم دکھائی دی۔ٹھری میرواہ سے نامہ نگار کے مطابق موسم سرما کی پہلی بوندا باندی سے ٹھنڈ میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے اور یخ بستہ ہوائیں چلنے پر لوگ گھروں تک محدود ہوگئے ہیں۔ سردی کو کم کرنے کیلئے لوگ گرم اشیا کا استعمال بڑھ گیا جبکہ سردی کے باعث مختلف شہروں میں گرم کپڑوں کے اسٹال لگے گئے ہیں جہا ں سے گرم کپڑے خریدے جا رہے ہیں واضح رہے کہ ٹھری میرواہ، سوئی گیس، ہنگورجہ سمیت دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں سردی میں اضافے کے ساتھ ہی لکڑی کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے۔
تازہ ترین