ٹھٹھہ(نامہ نگار) ملک کے دیگر شہروں کی طرح منگل کے دن سے ہی ٹھٹھہ اور اس کے گرد و نواح میں آسمان پر بادل چھائے رہے اور سورج نظروں سے اوجھل رہا جبکہ بگھار موری، پٹھان کالونی، بوہارا، ساکرو، لیٹ اور دیگر ساحلی پٹی کے علاقوں میں صبح سے وقفے وقفے سے ہلکی ہلکی بارش ہوتی رہی، بارش اور سرد ہوا چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہونے کے باعث اکثر لوگ گھروں تک محدود ہوگئے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ایک جانب گرم ملبوسات کی مانگ بڑھ گئی تو دوسری جانب چائے اور خشک میوہ جات سمیت دیگر گرم اشیاء کی طلب میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔