ملتان کے نیو جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ کا مقدمہ درج کرلیا گیا، صدر ہائی کورٹ بار شیر زمان قریشی سمیت 40 وکلاء کے نام شامل ہیں،مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی دفعات بھی شامل ہیں، وکلاء نے جوڈیشل کمپلیکس کی منتقلی کے خلاف مظاہرہ کیا تھا ۔مشتعل وکلاء نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت سمیت جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑکی تھی۔
ملتان کے تھانہ بہاءالدین زکریا میں جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ کی ایف آئی آر سپرنٹنڈنٹ جوڈیشل کمپلیکس کی مدعیت میں درج کرلی گئی۔ ایف آئی آر میں صدر ہائی کورٹ بار شیر زمان قریشی سمیت 40نامزد وکلا شامل ہیں، جن کے خلاف سیون اے ٹی اے اور سولہ ایم پی او کے دفعات شامل کئے گئے ہیں۔
گزشتہ روز وکلا نئے جوڈیشل کمپلیکس پر ڈنڈے لے کر پل پڑے تھے۔ان کا مطالبہ تھا کہ انہیں پرانی ڈسٹرکٹ کورٹس کی عمارت میں منتقل کیا جائے یا پھر اس نئے کمپلیکس میں سہولیات فراہم کی جائیں، توڑ پھوڑ میں خواتین وکلا بھی پیچھے نہ رہیں۔
دوسری جانب سابق صدر ہائی کورٹ ملتان خالد اشرف کا کہنا تھا ہمارا احتجاج پرامن تھا ، توڑ پھوڑ کرنے والے شر پسند عناصر وکلاء میں سے نہیں تھے ۔