کراچی (اسٹاف رپورٹر )جماعت اسلامی کے تحت قبلہ اوّل کے خلاف امریکی و یہودی سازشوں ، بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دینے کے خلاف اور فلسطینی مسلمانوں کی جدو جہد سے اظہارِ یکجہتی اور اتحاد امت کے بھر پور اظہار کے لیے اتوار 17دسمبر کو 3بجے دن نیپا چورنگی تا حسن اسکوائر ’’القدس ملین مارچ ‘‘ ہو گا،شہر بھر سے مردو وخواتین اور مختلف طبقات و مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد شریک ہوں گے،امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق خصوصی خطاب کریں گے، تمام تیاریاں اور انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں ۔امیر جما عت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے حسن اسکوائر کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ ذمہ داران کو ضروری ہدایات دیں،انہوں نے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ مرد و خواتین سے بھر پور شرکت کرکے اظہار یکجہتی کرنے کی اپیل کی،شہر بھر سے آنے والے جلوسوں ،ریلیوں اور قافلوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نیپا چورنگی پہنچیں،وہاں سے حسن اسکوائر تک مارچ کیا جائے گا اور سڑک کا ایک ٹریک مردوں اور دوسرا ٹریک خواتین کے لیے مختص کیاگیاہے،حسن اسکوائر پر موجود بالائی گزر گاہ کو اسٹیج بنایا جائے گا جہاں سے قائدین خطاب کریں گے، علاوہ ازیں ہفتہ کے روز بھی درجنوں مقامات پر کیمپ لگائے گئے جہاں سے عوام کو ’’القدس ملین مارچ ‘‘ میں شر کت کی دعوت دینے کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا ،دریں اثنامعروف مذہبی اسکالر وجامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے جماعت اسلامی کے القدس ملین مارچ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ جماعت اسلامی کی القدس ملین مارچ میں شرکت کرکے کامیاب بنائیں۔