برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی/ ابرار مغل) سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے واقعہ کو یاد کرکے دل خون کے آنسو روتا ہے۔میں ٹھیک واقعہ سے چند روز بعدAPSسکول میں گیا تھا۔ پاک آرمی نے مجھے وہاں پہنچنے میں مدد دی، پروٹوکول فراہم کیا تھا۔ اس واقعہ سے دل افسردہ ہے۔ آئندہ برس اپنی فائٹ کے بعد پاکستان کا دورہ کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار عالمی شہرت یافتہ لائٹ ویٹ چیمپئن پاکستان نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے برمنگھم کشمیرPTIکے چیف آرگنائزر چوہدری خادم حسین، عابد حسین کی جانب سے آرگیلہ لائونج میں استقبالیہ میں اظہارخیال کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چوہدری ظہور سرور سمیت کثیر تعداد میں نوجوان لڑکے، لڑکیاں اور عامر خان کے مداح موجود تھے۔ آسٹریلین رائلٹی ٹی وی شو میں کامیابی کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر براجمانی کے بعد برمنگھم آمد پر مداحوں نے بھرپور آتش بازی کرکے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور عامر اور فریال مخدوم کو پھول پیش کیے۔ یاد رہے کہ ناچاقی کے بعد پہلی بار عامر خان اور ان کی بیوی فریال مخدوم انتہائی خوشگوار موڑ میں برمنگھم پہنچے تو مداح خوشی سے جھوم اٹھے۔ فریال مخدوم اور عامر خان نے نئے پیدا ہونے والے بچے کے نام کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ والدین کے مشورہ سے رکھیں گے۔ تاہم دعا ہے کہ نیا مہمان صحت مند ہو۔ نوجوانوں کے نام ایک پیغام میں کہا کہ آپ کو اگر مستقبل میں کچھ بننا ہے تو سخت محنت کرنا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان انتہائی پرامن ملک ہے۔ عامر خان باکسنگ اکیڈمی بہترین چل رہی ہے۔ ہم نے آٹھ نیشنل مقابلے جیتے۔ آخر میں دونوں میاں، بیوی نے مداحوں کے ساتھ کھل مل کر سیلفیاں بھی بنوائیں۔