سکھر (بیورو رپورٹ) 64 ویں ڈے اینڈ نائیٹ قومی ہاکی چیمپئن شپ کے دوسرے روز نیوی، واپڈا، پی آئی اے، پنجاب، کے پی کے کی ٹیموں نے کامیابیاں حاصل کیں۔پاکستان نیوی نے زرعی ترقیاتی بینک کو 3-1 سے شکست دی، پاکستان نیوی کی جانب سے اسد عزیز، علی شیر، محمد آصف نے ایک ، ایک گول کیا جبکہ زرعی ترقیاتی بینک کا واحد گول غضنفر نے کیا۔ پی آئی اے نے سرکاری ٹی وی کو 7-2 سے شکست دی، پی آئی اے کی جانب سے حسیم خان نے 4گول اسکور کئے جبکہ احسان اللہ، محمد زبیر، شفقت رسول نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔ تیسرے میچ میں پاکستان واپڈا نے ایئرفورس کو 9-0 سے شکست دی۔ اسد بشیر نے دو، توثیق، عرفان جونیئر، رانا عمیر، سہیل انجم، شرجیل اور علیم نے ایک، ایک گول کیا۔ پنجاب کی ٹیم نے اسلام آباد کو 1گول سے شکست دی۔ میچ کا واحد گول احمر علی نے کیا۔ خیبرپختونخواہ نے سندھ کو 2-1سے زیر کیا۔ کے پی کے کی جانب سے عدیل زمان، نوید اقبال نے ایک، ایک گول کیا جبکہ سندھ کی جانب سے واحد گول نعمان نے کیا۔