سکھر (بیورو رپورٹ) گورنمنٹ انور پراچہ اسپتال کے ایم ایس اور ڈپٹی کمشنر سکھر کے درمیان کشیدگی کا معاملہ شدت اختیار کرگیا، ڈاکٹروں کی جانب سے گورنمنٹ انور پراچہ اسپتال اور سول اسپتال سکھر میں چار روز سے او پی ڈی کا بائیکاٹ کیا جارہا ہے جبکہ متعدد آپریشن بھی ملتوی ہورہے ہیں، جس کے باعث سیکڑوں مریضوں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں انہیں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، ڈاکٹرز ڈپٹی کمشنر سکھر کے خلاف سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں اور روزانہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنا دے رہے ہیں جن کا مطالبہ ہے کہ جب تک ناروا سلوک اختیار کئے جانے والے ڈپٹی کمشنر سکھر کو تبدیل نہیں کیا جاتا ڈاکٹروں کا احتجاج ختم نہیں ہوگا بلکہ احتجاج کا دائرہ کار وسیع کردیں گے ۔ اس سنگین صورتحال کا حیرت انگیز طور پر صوبائی حکومت نے تاحال کوئی نوٹس نہیں لیا۔سول اسپتال سکھر، گورنمنٹ انور پراچہ اسپتال سمیت ضلع کے دیگر سرکاری اسپتالوں کے ڈاکٹرز کی جانب سے گزشتہ چار روز سے احتجاج کیا جارہا ہے۔