ملتان (سٹاف رپورٹر) یونائٹیڈ ڈاکٹرز فرنٹ نے پی ایم اے ملتان کے سالہاسال سے التواء کاشکار الیکشن کے انعقاد کے لئے پی ایم اے پنجاب سے مداخلت کی استدعا کی ہے اور غیر جانبدار الیکشن کمیشن کی تشکیل کرکے فوری الیکشن کرانے کی درخواست کی گئی ہے ،اس ضمن میں یو ڈی ایف کی ایگزیکٹو کمیٹی کی جانب سے پی ایم اے پنجاب کے صدر کو تحریری درخواست بھجوائی گئی ہے ،جس میں نشاندہی کی گئی ہے کہ پی ایم اے ملتان کے آخری الیکشن 17 اپریل 2010 کو ہوئے تھے،گزشتہ سال تمام ڈاکٹرز تنظیموں کے دباؤ پر ڈاکٹروں کی رجسٹریشن کا سلسلہ شروع کیا گیا اور ووٹرلسٹ جو 3077 اراکین پر مشتمل تھی بھی سابق جنرل سیکرٹری کے دستخطوں سے جاری کی گئی ،جس کی بنیاد پر الیکشن کمیشن نے 22 مارچ 2017ء تک کاغذات نامزدگی داخل کرانے کی تاریخ بھی دی مگر بعدازاں کاغذات ہی وصول نہ کئے گئے اور الیکشن کا انعقاد کھٹائی میں پڑ گیا، دریں اثناء یونائیٹڈ ڈاکٹر فرنٹ ملتان کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر مسعود الروف ہراج کی صدارت میں ہوا جس میں الیکشن کے راستے ایک گروپ کی غیرجمہوری سوچ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کا اعلان کردیا ہے اس ضمن میں پی ایم اے پنجاب کے صدر ڈاکٹر اظہار چودھری کو موجودہ تمام صورتحال کے بارے میں ایک طویل مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے ،مراسلے کی ایک کاپی پی ایم اے پاکستان کے صدر کو اسلام اباد بھی بھیج دی گئی ہے۔