• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اب ملک میں شاندار اسلامی انقلاب کا سورج طلوع ہوگا،سراج الحق

لاہور،گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر، نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینٹرسراج الحق نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی ناکام ہوئی ، مسلم لیگ ن کا دور ختم ہوچکا، اب ملک میں شاندار اسلامی انقلاب کا سورج طلوع ہوگا، سابق وزیراعظم انصاف نہ ملنے کی دہائیاں دیتے ہوئے عدالتوں کے خلاف تحریک چلارہے ہیں ، قوم کے70سال ضائع کرنے والے ہی مجرم ہیں ، اب وہ وقت دور نہیں جب تما م لٹیروں سے لوٹی ہوئی دولت کی ایک ایک پائی وصول کی جائے گی،جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر ملک میں قرآن و سنت کا نظام نافذ کرے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی حلقہ پی پی 97 کے زیراہتمام قلعہ دیدارسنگھ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ ہمارے حکمران اس مر غی کی طرح ہیں جو دانہ اپنے گھر کھاتی ہے لیکن انڈہ کسی اور کے گھر دیتی ہے ۔ جلسہ سے امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد ، امیدوار صوبائی حلقہ پی پی 97 بلال قدر ت بٹ ، جاوید قصوری، ڈاکٹر عبید اﷲ گوہر، صدیق احسن، فرقان عزیز بٹ ، وسیم شاہد اولکھ ، محمد سلیم بٹ ، خرم سلیم کھوکھر، حاجی محمد اکرم، اویس اکرم نے بھی خطاب کیا۔سراج الحق نے کہاکہ میری لڑائی ملک کے سیاسی پنڈتوں اور برہمنوں سے نہیں ، یہ تو عالمی اسٹیبلشمنٹ کے غلام ہیں ۔ خود غرض سیاستدانوں نے عوام کا بدترین استحصال کیاہے ۔ ملک میں لاکھوں اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان بے روزگار ہیں ان کے مستقبل کو تاریک کرنے والوں کے اپنے بچے بیرون ملک پڑھ رہے ہیں ۔ ان کا علاج باہرہوتاہے اور کاروبار اور پیسہ بیرون ملک پڑاہواہے ۔ انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی غلامی کی ہتھکڑیاں پہنانے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے ۔
تازہ ترین