• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرویز خٹک پر الزام لگا تو احتساب کمیشن ہی بند کردیا، اسفندیار ولی

پشاور ( نمائندہ جنگ،ایجنسیاں) عوامی نیشنل پارٹی کے قائد اسفندیارولی خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں کرپشن اور کمیشن انتہا پر ہے،پرویز خٹک پر کرپشن کا الزام لگا تو احتساب کمیشن ہی بند کردیا، پرویز خٹک کیخلاف ان کے اپنے وزرا ءسلطانی گواہ بن رہے ہیں لیکن کپتان خاموش ہیں ،آئندہ الیکشن میں بلے کو دریائے کابل میں ڈبو کر صوبہ کے اختیارات بنی گالہ سے واپس لائیں گے، ایسا انقلاب ہوگا کہ کپتان میانوالی میں بیٹھے دیکھتے رہ جائیں گے، تحریک انصاف کے کرپٹ ٹولے سے ایک ایک پائی کا حساب لیں گے،عدالت نے کپتان کے اے ٹی ایم کو کرپٹ قرار دیا ہےلیکن انہوں نے فیصلہ ماننے سے انکار کردیا، آئندہ انتخابات سے قبل فاٹا کو صوبہ میں ضم کرکے صوبائی اسمبلی میں نمائندگی نہ دی گئی تو اپنی طاقت دکھائیں گے اورسب کو لال ٹوپی کا پتہ چلے گا،بیت المقدس سے متعلق امریکی فیصلہ نا قابل برداشت ہے، ٹرمپ کی غلط پالیسیوں اور فیصلوں سے خطہ کا امن داؤ پر لگ چکا ہے، امریکی صدر کی افغان پالیسی پر عمل ہوا تو خطہ میں خون کی ندیاں بہنے لگیں گی،ٹرمپ جیسے شخص کا صدر بننا امریکی عوام کی بد قسمتی ہے، بشیر احمد بلور نے قیام امن کیلئے اپنی جان کا نذرانہ دے کر اپنے آپ کو امر کردیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بشیر احمد بلور کی پانچویں برسی کے موقع پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے3کےلئے ہارون بلور کو پارٹی امیدوار نامزد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہارون بلور شہید بشیر احمد بلور کے وارث ہیں اور آئندہ الیکشن میں سب مل کر انہیں کامیاب کریں گے ، تمام سیاسی جماعتیں اس بات متفق ہیں کہ آئندہ الیکشن سے قبل فاٹا کو صوبے میں ضم کر کے اسے صوبائی اسمبلی میں نمائندگی دی جائے کیونکہ اس کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن نہیں ہے، عدالت نے اے ٹی ایم کو کرپٹ قرار دیا تو عمران خان نے ماننے سے انکارکر دیا ، وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کیخلاف ان کے اپنے وزرا کرپشن کے الزامات لگارہے ہیں لیکن کپتان نے اپنی خاموشی توڑی اورنہ احتساب بیورو نے ایکشن لیا،اس وقت پاکستان نازک دور سے گزر رہا ہے،اس نازک وقت میں ایسی حکومت ملی جسکے جھوٹ کی مثال دنیا میں نہیں ملتی،اس حکومت نے ہمیشہ پختونوں کے حقوق پر وعدہ خلافی کی اور آج بھی فاٹا کے عوام سے کئے گئے وعدوں سے مکر گئی ہے،نواز شریف کے منہ سے پختونخواہ لفظ سن کر خوشی ہوتی ہے،اب ایک جنگ باقی ہے امن کی جنگ،امن لانے کے لئے اتحاد کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں بیٹھے لوگ دہشتگردی کو سپورٹ کررہے ہیں،پنجاب میں کسی بھی کالعد م تنظیم کیخلاف کوئی کارروائی نہیں ہورہی،سینیٹر غلام احمد بلور نے کہا کہ آج اسمبلی میں تمام ممبران فاٹا خیبر پختونخوا میں ضم کرنے پر راضی ہیں،جو لوگ فاٹا انضمام کی مخالفت کرتے ہیں ان کو شرم آنی چاہیے۔ 
تازہ ترین