قصور میں کاشتکار نے مناسب قیمت نہ ملنے پر گنے کی پوری فصل جلا دی، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے حکم دیا ہے کہ گنے کے کاشتکاروں کو پورے پیسے نہ دینے والے ملز مالکان کو گرفتار کیا جائے۔
قصور کا علاقے گدھ پورکا گنے کا کاشتکار جعفر اپنی فصل کی مناسب قیمت نہ ملنے پر دلبرداشتہ ہو گیا۔ پانچ ایکڑ پر کھڑی گنے کی پوری فصل کو آگ لگا دی۔
کاشتکار کا کہنا تھا کہ گنے کی نامناسب قیمت اور ملز مالکان کے رویے سے تنگ آ کر اس نے احتجاجاً یہ قدم اٹھایا۔
ادھر لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے شوگر ملز ایسوسی ایشن کے صدر جاوید کیانی اور کاشتکار نمائندوں نے ملاقات کی۔ چیف سیکرٹری پنجاب اور انسپکٹر جنرل پولیس بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیراعلیٰ شہباز شریف نے گنے کے کاشتکاروں کو پورے پیسے نہ دینے والے ملز مالکان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ دوسرے صوبوں میں رہنے والے ملز مالکان کی گرفتاری کے لیے قانونی تقاضے پورے کیے جائیں۔ کاشت کاروں کو پورے پیسے دیے جائیں اور انہیں پریشان نہ کیا جائے۔