آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان 5 میچوں پر مشتمل ایشیز سیریز جاری ہے، اس دوران انگلش باؤلر کریگ اورٹن اور آسٹریلین مچل اسٹارک فٹنس مسائل کی وجہ سے باکسنگ ڈے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔
انگلش فاسٹ باؤلر کریگ اورٹن ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں بیٹنگ کے دوران پسلی پر گیند لگنے سے زخمی ہوگئے تھے اور اسکین رپورٹ کے مطابق ان کی پسلی میں فریکچر ہے اور انہیں مکمل طور پر فٹ ہونے کے لیے وقت درکار ہوگا۔
انگلش ٹیم انتظامیہ نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ فاسٹ باؤلر آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے چوتھے ٹیسٹ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے تاہم یہ بات واضح نہیں کی گئی کہ ان کی جگہ کونسے بولر کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔
ادھر آسٹریلیا کو بھی چوتھے ٹیسٹ میچ سے قبل دھچکا لگا ہے، جہاں ان کے بولر مچل اسٹارک انجری کے باعث انگلینڈ کے خلاف باکسنگ ڈے ٹیسٹ باہر ہوگئے ہیں۔
مچل سٹارک گزشتہ چند روز سے ایڑی کی تکلیف میں مبتلا ہیں اور آسٹریلین ٹیم انتظامیہ کے مطابق فاسٹ بولر 100 فیصد فٹ نہیں ہیں اس لیے وہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔
آسٹریلیا کو ایشز سیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا چوتھا ٹیسٹ منگل سے میلبورن میں شروع ہوگا۔