لندن (جنگ نیوز) دختر مشرق بینظیر بھٹو جیسی سیاسی لیڈر اور سحر انگیز شخصیت کا خلا پُر نہیں ہوسکتا۔ ان خیالات کا اظہار پیپلز یوتھ برطانیہ اور پیپلز سوشل میڈیا ونگ کے رہنما فرخ سلطان عباسی نے لندن میں ایک تقریب کے دوران کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو کو ہم سے بچھڑے ہوئے دس برس بیت گئے ہیں لیکن آج بھی یقین نہیں آتا کہ وہ اب ہم میں نہیں ہیں، ان کی موجودگی کا ایک عجب سا احساس ہروقت محسوس ہوتا ہے۔ انہوں نے اپنے آپ کو ایک عظیم بیٹی، باوقار ماں، باکردار بہن اور باکمال لیڈر ثابت کیا۔ انہوں نے اپنے والد کے مشن کی تکمیل کے لیے جان کا نذرانہ پیش کردیا۔ بینظیر بھٹو کے اس دنیا سے رخصت ہونے کا سانحہ کسی ایک ملک، قوم یا مذہب کے لوگوں کے لیے نہیں بلکہ تمام اقوام کے پسے ہوئے لوگوں کی امید کو ان سے چھینا گیا۔ پاکستان کے آج کے معروضی حالات کے تناظر میں دیکھا جائے تو بینظیر بھٹو شہید ہی اس ملک کو اس بھنور سے نکال سکتی تھیں۔ وہ نہ صرف پاکستان بلکہ تمام مسلم امہ کا کیس باخوبی لڑنے کی صلاحیت رکھتی تھیں اور انہوں نے اپنی زندگی میں اپنے عمل سے ثابت بھی کیا۔ انہوں نے بینظیر بھٹو شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پی پی شہید کے لخت جگر چیئرمین بلاول بھٹو کے سنگ شہیدوں کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے اور اس مقصد کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔