ملتان(مانیٹرنگ سیل)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پاکستان کے تمام سیاستدان مر جائیں تو بھی نواز شریف نے شہباز شریف کو وزیراعظم نہیں بننے دینا۔ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا وزیراعظم بن بن کر بھی دل نہیں بھرا، نواز شریف کا ایجنڈا ہے کہ انہیں عدالتوں سے سزا نہ ہو اور الیکشن دو سال کے لیے ملتوی ہو جائیں، لیکن ہم چاہتے ہیں کہ الیکشن ہوں اور اداروں کو آنکھیں دکھانے والوں کا سدباب ہو۔سربراہ عوامی لیگ نے کہا کہ نواز شریف عدلیہ کو للکار کر جمہوریت کی خدمت نہیں کر رہے، انہیں یہاں تک مریم بی بی لیکر آئیں ہیں اور اگلا کام بھی وہ خود ہی کردیں گی۔